جینیفر لوپیز کی 18 برس بعد پہلے پارٹنر سے دوبارہ منگنی
Reading Time: < 1 minuteگلوکارہ اور اداکارہ جنیفر لوپیز نے 18 برس بعد اپنے دوست اداکار بین افلیک سے دوبارہ منگنی کر لی ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو 52 سالہ جنیفر لوپیز ایک ویڈیو میں جذباتی انداز میں سبز رنگ کی انگوٹھی دکھا رہی ہیں جو انہوں نے منگنی کے بعد پہنی ہے۔
جنیفر لوپیز کے نمائندے نے پیپل میگزین سے بات کرتے ہوئے منگنی کی تصدیق کی۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگنی کے موقع پر پہنائی جانے والی انگوٹھی سبز رنگ کے ہیرے کی ہے۔
پہلی بار منگنی کے بعد جوڑے کو ’بینیفر‘ کے نام سے پکارا گیا تھا اور گزشتہ برس دونوں اداکاروں کے ایک بار پھر ساتھ گھومنے پھرنے کی تصاویر انٹرنیٹ پر شیئر کی گئیں۔
جنیفر لوپیز اور بین افلیک کی پہلی ملاقات سنہ 2002 میں مشہور فلم ’گگلی‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔
دونوں نے سنہ 2003 میں شادی کرنے کا اعلان کیا جسے بعد ازاں ملتوی کر دیا گیا۔ اس کے بعد سنہ 2004 میں اپنے تعلق کے خاتمے کا اعلان کیا۔
جنیفر لوپیز کی یہ چوتھی شادی ہوگی جبکہ اداکار و ہدایت کار بین افلیک جن کی عمر 49 برس ہے دوسری بار شادی کر رہے ہیں۔
جنیفر لوپیز اس سے قبل اداکار اوجانی نوا، ڈانسر کرس جوڈ اور گلوکار مارک انتھونی سے شادی کے بعد علیحدگی اختیار کر چکی ہیں۔ ان کے 14 برس کی عمر کے دو جڑواں بچے ہیں۔