رمضان کا سیزن، عمران خان نے جلسوں کے لیے چندہ مانگنا شروع کر دیا
Reading Time: < 1 minuteتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے خاتمے کے ایک ہفتے بعد ہی سیاسی چندہ مانگنا شروع کر دیا ہے۔
عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی ’حقیقی آزادی‘ کے لیے تحریک شروع کر رہے ہیں۔
ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے نامنظور ڈاٹ ویب سائٹ بنائی ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ ہم پیسے اکٹھے کریں، خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں سے، ہم ایک مہم چلانے جا رہے ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ایک بیرونی سازش کے تحت حکومت تبدیل کی گئی۔ اور جو کرپٹ ترین لوگ تھے ان کو ہم پر مسلط کیا گیا جو 22 کروڑ کی قوم کی توہین ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں اس کے خلاف نکل رہا ہوں اور جاگی ہوئی قوم کو مزید جگا رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میری یہ کوشش ہے کہ ہم اس سازش کو ناکام کریں۔ ہمیں آپ کے فنڈز کی ضرورت ہے۔ اس میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ یہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی مہم ہے۔‘
اس اپیل پر سوشل میڈیا صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔ کئی افراد نے چندہ دینے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ بہت سے ایسے بھی ہیں جو تنقید کر رہے ہیں۔
عدیل نامی صارف نے لکھا کہ خان صاحب وہ اپنا بلیو ایریا میں موجود لگژری فلیٹ بیچ کر پہلا چندہ دے کر مہم کا باضابطہ افتتاح کریں۔ وہی فلیٹ جو سی ڈی اے کے قانون کی خلاف ورزی میں آپ نے ریگولرائز کیا تھا۔ پھر آپ کے دیگر انصافین بھی فالو کریں گے۔
سیانی کڑی کے ٹوئٹر ہینڈل نے تبصرہ کیا کہ آ گیا منگتا رمضان کا سیزن لگانے۔