پاکستان کی فوج کا ریٹائرڈ میجر ٹوئٹر پر ٹرینڈ کیوں کر رہا ہے؟
Reading Time: < 1 minuteتحریک انصاف کے حامی اور عمران خان کے پرستار پاکستان کی فوج کے ایک ریٹائرڈ میجر عادل راجہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
اپنی ٹویٹس اور پروپیگنڈہ مہم کے لیے بدنام میجر ریٹائرڈ عادل اس وقت ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے جب ان کی اہلیہ سبین کیانی نے بدھ کی رات ٹویٹ کیا کہ ان کے شوہر کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے نے چھاپہ مارا مگر وہ گھر پر موجود نہ تھے۔
انہوں نے لکھا کہ ان کے شوہر سے ان کا رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
اس کے بعد آٹھ گھنٹوں تک ریٹائرڈ میجر کی گمشدگی کا چرچا رہا اور جمعرات کی دوپہر کو معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے حق میں پروپیگنڈے کرنے کے مشہور کردار برطانیہ جا چکے ہیں۔
دن تین بجے ریٹائرڈ میجر نے ٹویٹ کیا کہ : دوستوں کی دعاؤں اور اللّٰہ کی مدد سے میں خیر و عافیت سے اپنی فیملی کے پاس برطانیہ پہنچ گیا ہوں۔ آپ کی نیک خواہشات کا شکریہ۔
انہوں نے لکھا کہ کہنے کو بہت کچھ ہے مگر ہر بات اپنے وقت پر ہوگی۔ اس کے بعد اگر میری ماں اور عزیزوں پر آنچ بھی آئی تو میں کسی کا لحاظ نہیں کروں گا۔
پاکستان میں اس وقت ہزاروں صارفین میجر ریٹائرڈ عادل کی گمشدگی اور برطانیہ پہنچنے کو ڈرامہ قرار دے کر مذاق کا نشانہ بنا رہے ہیں۔