عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دی جائے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ کو احکامات جاری کیے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کو سکیورٹی خطرات کی اطلاع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو فوری اور موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو ہنگامی خط لکھا ہے جس میں عمران خان کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں، ان کے لیے سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
مراسلے کے مطابق عمران خان کی بنی گالہ رہائش پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر سکیورٹی حکام ضروری اقدامات کریں۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی سے متعلق غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ بدھ کو لاہور کے ڈپٹی کمشنرنے تحریک انصاف پنجاب اور لاہور کی قیادت کو خط لکھا تھا جس میں کہا تھا کہ سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے موصول ہونے والے تھریٹ الرٹس اور تازہ ترین انٹیلجنس جائزے کی روشنی میں سابق وزیراعظم عمران خان کو گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کرنے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا چاہیے۔

