پاکستان

نومنتخب وزیراعلی ‌حمزہ شہباز سے حلف کے لیے صدر نمائندہ مقرر کرے: عدالت

اپریل 22, 2022

نومنتخب وزیراعلی ‌حمزہ شہباز سے حلف کے لیے صدر نمائندہ مقرر کرے: عدالت

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز سے بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لینے کے لیے صدر کو نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فیصلے کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا سٹاف صدر پاکستان کو اس عدالتی حکم سے آگاہ کرے گا کہ وہ حلف لینے کے لیے نیا نمائندہ مقرر کریں.

عدالتی حکم کے مطابق چونکہ گورنر نے کھلے لفظوں میں اس عدالت کو بتا دیا ہے کہ وہ حلف نہیں لیں گے اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا.

قبل ازیں سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ 21دنوں سے پنجاب میں حکومت نہیں۔

جمعے کو چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے کہا کہ ایک گھنٹے میں گورنر سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کریں کہ نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینا ہے یا نہیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو وجوہات بتائیں۔

عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس نے مزید مہلت مانگتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو اندازہ ہے صوبہ کیسے چل رہا ہے؟ وزیراعلی کا الیکشن بھی جیسے ہوا سب عدالت کے علم میں ہے۔

چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ عدالت کے حکم پر چیف منسٹر کا الیکشن ہوا۔ جس طرح سے چیف منسٹر کے الیکشن میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے سب کو پتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے