شہباز شریف کی کابینہ میں شامل مزید چار وزرا کون ہیں؟
پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں مزید چار وزرا کو شامل کر لیا گیا ہے۔
جمعے کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت سے ان کے عہدے کا حلف لے لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر عارف علوی نے وفاقی وزراء جاوید لطیف، سالک چوہدری اور آغا حسن بلوچ سے حلف لیا۔
صدر مملکت نے بی این پی کے محمد ہاشم نوتیزئی سے بھی وزیر مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
جن وفاقی وزراء نے عہدوں کا حلف لیا ان میں مسلم لیگ ن کے جاوید لطیف کے ساتھ ق لیگ کے سالک چوہدری اور بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ و محمد ہاشم شامل ہیں۔
وفاقی کابینہ کی تعداد اب 37 تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے خرابی صحت کی بنا پر حلف نہیں لیا تھا۔
دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کر کے پنجاب اور دیگر صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی اور تحریک عدم اعتماد کے دوران پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کو کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

