مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست، نیا بینچ تشکیل
Reading Time: < 1 minuteمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی اور عمرہ ادائیگی پر جانے کی اجازت دینے کی درخواست سننے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں چوتھی بار نیا بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔
بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے جسٹس باقر علی نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل نیا بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔
گزشتہ دو دنوں کے دوران ہائیکورٹ کے تین بینچز نے مریم نواز کی درخواست کی سماعت سے معذرت کی۔
بینچز میں شامل ججز کی جانب سے کیس کی سماعت سے معذرت کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو نیا بینچ تشکیل دینا پڑا۔
منگل کو مریم نواز کی درخواست پر سماعت کے لیے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا تاہم جسٹس اسجد جاوید گھرال نے بھی سماعت سے معذرت کر لی تھی۔
اس سے قبل بننے والے دو رکنی بینچ کے جج جسٹس فاروق حیدر نے مریم نواز کی پاسپورٹ کی واپسی کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی تھی۔
جسٹس فاروق حیدر کی جانب سے کیس پر سماعت سے معذرت کے بعد جسٹس علی باقر نجفی نے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی تھی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست کی سماعت کے لیے پہلے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔