پاکستان

شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، حکومت کی برف جلد پگھلنے کی دعا

اپریل 29, 2022

شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، حکومت کی برف جلد پگھلنے کی دعا

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ اگلے 10 دن میں لوڈشیڈنگ میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ ’گرمی کی وجہ سے بجلی کی اضافی طلب کا سامنا ہے، اللہ سے دعا ہے کہ گرمی سے برف جلدی پگھل جائے تاکہ بجلی کی اضافی طلب کو پوری کی جا سکے۔‘ 

جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں بجلی کا بحران ہے، طول و عرض میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

انہوں نے بجلی کے بحران کی دو وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ ’ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث پانچ ہزار 739 میگاواٹ بجلی جبکہ دو ہزار 156 میگاواٹ بجلی تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیدا نہیں ہو رہی۔‘

خرم دستگیر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اتوار کو بجلی کے کارخانوں کو قدرتی گیس (آر این ایل جی) ملنا شروع ہو جائے گی جبکہ تھر اینگرو اور پورٹ قاسم کا پلانٹ بھی اتوار سے بجلی بنانا شروع کرے گا۔  

ان کا کہنا تھا کہ فرنس آئل اور گیس ملنے سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی اور 10 دنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ نصف ہو جائے گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یکم مئی سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تو کیا اب یہ ممکن نہیں، وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے میں دو سے تین ہزار میگاواٹ بجلی کی طلب بڑھی ہے۔

خرم دستگیر نے الزام عائد کیا کہ ایندھن کی عدم دستیابی اور تکنیکی خرابیوں کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے