کابل کی مسجد میں خودکش دھماکہ، 50 اموات کی تصدیق
نماز جمعہ کے بعد کابل کی ایک مسجد میں محفل ذکر کے دوران ایک خودکش حملہ آور کے پھٹنے سے 50 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کابل کے مغرب میں واقع مسجد خلیفہ صاحب کے ایک منتظم نے بتایا کہ دھماکے میں مارے جانے والوں کی تعداد 50 ہے جبکہ طالبان کی وزارت داخلہ کے نائب ترجمان بسم اللہ نے کہا کہ وہ 10 اموات کی سرکاری تصدیق کر سکتے ہیں۔
مسجد کے منتظم سید فضل آغا نے بتایا کہ ان کے خیال میں محفل ذکر میں باہر سے کوئی شخص شامل ہوا جو خودکش حملہ آور ہو سکتا ہے جس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
مسلمانوں کے ایک سخت گیر عقیدے کے ماننے والوں کے مطابق نماز کے بعد مسجد میں ذکر کی محفل بدعت ہے اور وہ اس کے لیے جمع ہونے والوں کو بدعتی اور مشرک کہتے ہیں۔
رمضان کے دوران افغانستان میں داعش کے حملوں میں زیادہ تر شیعہ مسلمانوں کا نشانہ بنایا گیا۔

