جلسہ اور دھرنا، پارٹی مئی کے آخر میں اسلام آباد مارچ کی کال دے گی
پاکستان میں احتجاجی سیاست، جلسوں اور دھرنوں کے لیے مشہور جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کے لیے مئی کے آخری ہفتے میں کال دی جائے گی۔
سنیچر کو جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور بحث ہوئی کہ کال کب دینی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہو گی۔
’فیصلہ کیا گیا ہے کہ کال مئی کے آخری ہفتے میں دی جائے گی۔‘
’یہ کال صرف تحریک انصاف کے لیے نہیں ہو گی، بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہو گی، کیونکہ ہمارے ملک کی توہین کی گئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بیرونی سازش کے تحت کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے موجودہ وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام پاکستانیوں کو پیغام دے رہا ہوں کہ وہ تیاری کریں اور چاند رات سے ہماری تیاری کا آغاز ہو گا۔‘
’نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ آپ نے چاند رات کو جھنڈے پکڑ کر نکلنا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’اس کا اگلا مرحلہ اسلام آباد مارچ ہو گا، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمہ ہو گا اور عوام کا سمندر اسلام آباد میں آئے گا۔ پاکستان کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔‘

