فرح خان بے قصور، نیب انتقامی کارروائی کر رہا ہے: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح بے قصور ہیں اور ان کے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے۔
اتوار کو تحریک انصاف کے عمراہ کے پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم نے فرحت شہزادی المعروف فرح خان گوگی کی صفائی پیش کی.
انہوں نے کہا کہ وہ نیب سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا فرح خان پر کیس بن سکتا ہے۔؟ ’نیب نے کیسے فرح خان پر آمدن سے زیادہ اثاثوں کا کیس بنایا یہ صرف عوامی نمائندے پر لاگو ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ فرح خان بشریٰ بی بی کی دوست ہیں، اور یہ انتقامی کارروائی ہے۔
عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فرح خان 20 سال سے ریئل سٹیٹ میں کام کرتی ہیں اور ان کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ کیا فرح خان پر نیب کا کیس بنتا ہے؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2008 سے 2018 تک 60 سال کے برابر قرضہ لیا گیا۔ جب ہمیں حکومت ملی تو 20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا۔
عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان پر سارے کرپشن کے کیسز پرانے ہیں ہمارے دور میں بس ایک کیس درج ہوا، جو مقصود چپڑاسی والا ہے۔
’ن لیگ نے اپنے کیسز ختم کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے، یہ خود کو این آر او ٹو دینے کی کوشش کر رہی ہے۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف کے این آر او سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے تین کیسز کے فیصلے ہو چکے ہیں۔ پانامہ پیپرز سامنے آئے تو انکشاف ہوا کہ ان کی لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر میں چار اپارٹمنٹس مریم صفدر کے نام پر تھے۔
’پانامہ پیپرز کی وجہ سے شریف خاندان کو پہلی بار قوم کو بتانا پڑا کہ ہاں یہ ہمارے اپارٹمنٹس ہیں۔ مجبوری میں انہیں ماننا پڑا۔ اس پر سب کو پتا ہے کہ پہلے سپریم کورٹ میں کیس چلا پھر جے آئی ٹی بنی اور اس سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں نواز شریف کو سزا ہو چکی ہے۔ ڈیڑھ ارب، ڈھائی کروڑ ڈالر اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ اور سات سے 10 سال سزا ہو چکی ہے۔ جس پر وہ جھوٹ بول کر ضمانت پر ملک سے باہر بھاگے ہوئے ہیں۔
’مریم نواز کو آٹھ سال کی سزا ہو چکی ہے اور 20 لاکھ پاؤنڈ کا جرمانہ ہو چکا ہے۔ وہ بھی ضمانت پر ہیں۔ ان کے دونوں بیٹے حسن اور حسین ان کے دور میں ملک سے فرار ہوئے، اور جب ان سے پوچھا گیا کہ جناب آپ نے جواب دینا ہے تو انہوں نے کہا ہم پاکستان کے شہری نہیں۔‘

