پاکستان

عید سے ایک دن قبل، چار معصوم بچے اور ماں قتل

مئی 1, 2022

عید سے ایک دن قبل، چار معصوم بچے اور ماں قتل

بلوچستان کے ضلع پشین میں ایک خاتون اور اس کے چار معصوم بچوں کے گلے کاٹ کر بے دردی سے قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

اتوار کی صبح کوئٹہ سے متصل ضلع پشین کے علاقے بوستان میں اندوہناک قتل کے واقعے کے بارے میں علاقے کے لیویز انچارج بشیر احمد آغا نے بتاتے ہوئے کہا کہ مارا جانے والا ایک افغان خاندان ہے۔ 

مارے جانے والوں کی شناخت 13 سالہ سلیمان، 11 سالہ صائمہ، 10 سالہ عنایت، چھ سالہ بی بی شاہدہ اور ان کی ماں بی بی گل سکہ کے نام سے ہوئی ہے۔

لاشیں کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال لائی گئیں جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ چار افراد کو تیز دھار آلہ سے جبکہ ایک کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا۔  

لیویز کے انچارج بشیر احمد کے مطابق بچوں کے والد نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، دوسری بیوی اور ایک کمسن بچہ بھی وقوعہ کے وقت گھر پر موجود تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔ 

بشیر احمد آغا نے بتایا کہ بچوں کے والد ڈرائیور ہیں اور انہوں نے بیان دیا ہے کہ وہ گھر میں موجود نہیں تھے اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔

افسر نے بتایا کہ واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم لیویز نے مقتولہ خاتون کے شوہر کی دوسری بیوی کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے