پشاور میں خواجہ سراؤں کے ڈیروں پر چھاپے، 20 نوجوان گرفتار
پشاور پولیس نے عید کی تعطیلات میں خواجہ سراؤں کے ڈیروں پر آنے والے نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 سے زائد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران اندرون شہر کے مختلف علاقوں سے درجنوں افراد کو حراست میں لے کر ان کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع کیا گیا اور مختلف جرائم میں ملوث نوجوانوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے نوجوانوں کے والدین اور عزیز و اقارب کو تھانے بلایا گیا تاکہ ان کی اصلاح کی جا سکے۔
اندرون شہر کے ساتھ کریک ڈاؤن کو نواحی علاقوں تک توسیع دی گئی جس کے دوران تھانہ متھرا اور تھانہ چمکنی پولیس نے بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث نوجوانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کو حراست میں لیا۔
مقامی صحافیوں کے مطابق پولیس کی جانب سے شروع کیے کریک ڈاؤن پر سنجیدہ اور شہری حلقوں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ اس سے نوجوان نسل کو تباہی اور بے راہ روی سے بچانے میں مدد ملے گی۔

