سری لنکا میں فسادات پر اقوام متحدہ مضطرب، مستعفی وزیراعظم کا گھر نذر آتش
سری لنکا میں فسادات پر اقوام متحدہ نے اضطراب ظاہر کیا ہے جبکہ مستعفی وزیراعظم کا گھر نذر آتش کیے جانے کے بعد فوج نے ان کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے.
سری لنکا کے درالحکومت کولمبو میں حکومت مخالف پُرتشدد مظاہروں کے دوران پانچ ہلاکتوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہے.
منگل کو فوج کے دستے سڑکوں پر گشت کرتے دیکھے گئے جن کو گزشتہ روز کے پُرتشدد مظاہروں کے بعد طلب کیا گیا تھا۔
پیر کو حکومت کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے نے استعفٰی دے دیا تھا۔
خیال رہے کہ تین ماہ سے جاری معاشی بحران کے باعث اشیا کی قلت اور مہنگائی کے شکار لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے جن پر حکومت کے حامی افراد نے حملے کیے۔

