نواز شریف کو حکومتی اقدامات پر تحفظات، ن لیگ کا ہنگامی اجلاس لندن میں
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنی جماعت کا ہنگامی اجلاس لندن میں طلب کر لیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی تجویز مسترد کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت کی۔
ن لیگ کے اہم رہنما شاہد خاقان عباسی پہلے ہی لندن میں موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے لندن روانہ ہونے کا امکان ہے۔
جیو نیوز کے مطابق نوازشریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اس لیے ن لیگ کوئی بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نوازشریف اور اسحاق ڈار سے وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت ہوگی جب کہ آئندہ الیکشن، پنجاب میں کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جانب سے اجلاس طلب کیے جانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف آج رات لندن روانہ ہوں گے۔

