سپر ماڈل ایان علی نے عمران خان کو جھوٹا کیوں کہا؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستانی سپر ماڈل ایان علی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الزام لگانے پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
جمعے کو ایک ٹوئٹر پوسٹ میں ایان علی نے اے آر وائے نیوز کی خبر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے عمران خان کو لکھا کہ دو عادات شاید آپ مرتے دم تک نہیں چھوڑ سکتے۔
عمران خان کی ان دو عادات کے حوالے سے ایان علی نے لکھا کہ ”پہلی میرے نام پر ٹی آر پی کمانا (کیونکہ خود کمانا و کھانا آپ کی فطرت نہیں)۔ اور دوسری جھوٹ بولنا (کیونکہ سچ بولنا آپ نے سیکھا نہیں)۔“
سپر ماڈل نے لکھا کہ چار سال وزیر اعظم رہے، پھر بھی مجھ پر جھوٹا الزام لگائے بغیر آپ کی تقریر و خبر نہیں بنتی، جیسے پہلے نہیں بنتی تھی۔
ایان علی کے حوالے سے عمران خان جلسے میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایان علی والے کیس میں انہوں نے کسٹمز کے افسر کو مروا دیا۔
خیال رہے کہ سات برس قبل ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بنایا گیا تھا۔
ایان علی نے عمران خان کو مخاطب کر کے کہا کہ آج بھی آپ کو میری ضرورت ہے ریلیونٹ رہنے کے لیے۔ یہ آپ کے اقتدار پر فردِ جرم ہے۔ اپنا کیا کرایا کچھ ہوتا تو بیان کر لیتے، آخری عمر میں میرے نام پر جھوٹ تو نہ بولتے۔ آپ چار سال وزیر اعظم رہے، میں اس دوران بھی جھوٹے مقدمات سے بری ہوئی کیونکہ میں سچی آپ جھوٹے تھے اور ہیں۔
انہوں نے اپنے خلاف مقدمات کا مکمل ریکارڈ اور فیصلے کی نقول کے سکرین شاٹس شیئر کیے۔