پاکستان

ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا بے قابو، 17 افراد ہلاک

مئی 14, 2022

ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا بے قابو، 17 افراد ہلاک

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے اور مقامی افراد کے مطابق اب تک 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں تاہم سرکاری طور پر صرف پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

مقامی سوشل ورکرز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں کوئی ایسا فرد نہیں رہا جو اس خطرناک بیماری سے متاثر نہ ہو۔

سوشل میڈیا پر مقامی شہریوں کی پوسٹ کی گئی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ ہسپتال بھر گئے ہیں اور مریضوں کے لیے ہسپتالوں کے برآمدے میں لیٹنے کی جگہ بھی نہیں مل رہی۔

پیر کوہ میں ہیضہ کی وبا پھوٹنے کے بعد پیدا ہونے والی تشویشناک صورت حال سے خوفزدہ شہری بتا رہے ہیں کہ روزانہ اموات ہو رہی ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق جمعے کو مزید 451 مریضوں کو ہسپتال لایا گیا جو 17 اپریل کو وبا پھوٹنے کے بعد صرف ایک دن میں مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ڈیرہ بگٹی کے ضلعی صحت افسر ڈاکٹر محمد اعظم بگٹی کے مطابق ہیضے کی وبا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ جبکہ متاثرین کی تعداد دو ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

خیال رہے کہ وبا سے متاثرہ علاقہ ڈیرہ بگٹی سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ہے۔

پیرکوہ کی سب تحصیل پاکستان میں گیس کے بڑے ذخائر رکھنے والے علاقوں میں سے ایک ہے لیکن یہاں کی 40 ہزار سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی کے لیے بارشوں پر انحصار کرتی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے