اگلے الیکشن کے وقت کا فیصلہ نواز شریف لندن سے کریں گے: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگلے عام انتخابات عمران خان کے مطالبے پر نہیں بلکہ تب ہوں گے جب لندن سے نواز شریف فیصلہ کریں گے۔
اتوار کو گجرات میں جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے اس نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبر بند کر دیے ہیں لیکن ان کا رونا بتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کا نمبر بند کر دیا ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو مخاطب کر کے کہا کہ ’جس نمبر پر تم فون کر رہے ہو وہ بدل گیا ہے۔ آگے سے آواز آتی ہے کہ آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب وہ عمران خان کی چیخ و پکار دیکھتی ہیں تو اس بچے کی یاد آتی ہے جس نے امتحان کی تیاری نہیں کی ہوتی اور ماں باپ سے کہتا ہے امی مجھے بخار ہو گیا، مجھے زکام ہوگیا۔
’عمران خان بھی ایسے ہی رو رہا ہے۔ جب سر پر امتحان کا ٹائم آیا تو پہلے جعلی خط آیا، پھر بین الاوقوامی سازش بھی پٹ گئی تو اب کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے۔‘
ن لیگ کی نائب صدر نے عمران خان سے کہا کہ جب تک تم حکومت میں تھے عوام پر قیامت توڑتے رہے تو اس وقت نہ خط تھا نہ سازش تھی اور نہ جان کو خطرہ تھا۔ اب عوام چار سال کارکردگی کا حساب مانگتی ہے تو دامن خالی ہے۔
’کیا اس نے کسی جلسے میں بتایا کہ ان کی کارکردگی کیا ہے۔ آپ کہتے ہیں ویڈیو ریکارڈ کرکے رکھ دی ہے۔ ہم اپنے بدترین دشمن کے لیے بھی بد دعا نہں کرتے، اللہ تمہیں زندہ رکھے اور تم نواز شریف کی کامیابیاں دیکھو۔‘
ن لیگی رہنما نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ ان (عمران خان) سے ویڈیو لیں۔ کسی حادثے سے پہلے ویڈیو سامنے لاؤ۔ میں ضمانت دیتی ہوں کہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سکیورٹی ملے گا۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی حساب باقی ہے نواز شریف کو جیل میں موت اور زندگی کی کشمکش میں پہنچایا تھا۔

