سپین سے پاکستان آئی دو بہنیں قتل، سات ملزمان گرفتار
پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ سپین سے پاکستان بلائی گئی دو بہنوں کو ضلع گجرات میں قتل کرنے میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اتوار کو پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سپین سے آئی دو بہنوں 24 سالہ انیسہ عباس اور 21 سالہ عروج عباس کے قتل کیس میں اُن کے چچا سمیت سات ملزمان کو وقوعہ کے 48 گھنٹوں کے اندر حراست میں لیا گیا۔
دوہرے قتل یہ واقعہ ضلع گجرات کے تھانہ گلیانہ کے گاؤں نوتھیہہ میں پیش آیا تھا۔
ڈی پی او گجرات عطاء الرحمان کے مطابق دونوں بہنیں اپنے خاندان کے ساتھ سپین میں رہتی تھیں۔ وہ دو دن قبل سپین سے پاکستان پہنچی تھیں۔
گجرات پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں لڑکیوں کا چچا حنیف، مرکزی ملزم شہریار کے ساتھ قاصد، عتیق، حسن اور اسفندیار بھی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق دونوں بہنیں 19 مئی کو سپین سے پاکستان آئیں اور 20 مئی کو انہیں قتل کر دیا گیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں بہنوں کا ایک سال قبل نکاح ہوا تھا مگر وہ رخصتی سے انکاری تھیں اور اپنے شوہروں کو سپین لے جانے پر رضامند نہ تھیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بہنوں کے قتل کے بعد گھر میں کوئی بھی مدعی دستیاب نہیں تھا، اس لیے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ دونوں بہنوں کو دھوکے سے پاکستان بلایا گیا اور غیرت کے نام پر قتل ہے۔

