مہنگا پیٹرول، وفاقی وزیر کی وزیراعظم سے مراعات ختم کرنے کی اپیل
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سمندری امور فیصل سبزواری نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ کابینہ کے ارکان اور سترہ گریڈ سے اوپر کے افسران کے فیول الاؤنس کو روک دیا جائے۔
جمعے کو ایک ٹویٹ میں فیصل سبزواری نے لکھا کہ”میری وزیر اعظم سے پر زور درخواست ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں ضروری ہے کہ وفاقی حکومت، بشمول کابینہ اور گریڈ ۱۷ سے اوپر کے افسران کو دیے جانے والے فیول کو روک دیا جائے یا خاطر خواہ کمی کی جائے۔“
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی شروعات وفاقی کابینہ سے کی جائے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے وزرا، جج صاحبان، اعلیٰ فوجی اور سول افسران قوم سے یکجہتی دکھائیں اور اپنے پٹرول الاؤنسز معطل کر دیں.
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ جب تک قیمتیں واپس نہیں آتیں اعلیٰ عہدوں پر براجمان لوگ عوام کی تکلیف میں حصہ دار بنیں، علامتی طور پر عوام کے ساتھ نظر تو آئیں، آپ کے دورے ہی ختم نہیں ہو رہے.
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ رات کیے گئے اضافے کے بعد ملک میں عوامی سطح پر مہنگائی کے نئے طوفان کے باعث سخت بے چینی ہے۔

