ہارے ہوئے ملک کی معیشت کی بحالی کیسے؟
Reading Time: 2 minutesجہاں سے دیکھ رہا ہوں وہاں سے پاکستان ایک ہارا ہوا ملک نظر آرہا ہے۔
معیشت کے اعداد و شمار شعبدہ بازیوں سے تبدیل نہیں ہوتے۔
ہر آنے والی سول, فوجی یا ہائبریڈ حکومت معاشی اعداد و شمار کو درست نہیں کرسکے گی۔
کل صافی آمدن چار ہزار نو سو ارب اور صرف دو مدات میں یعنی قرض/سود اور دفاع کی مد میں پانچ ہزار ارب کا خرچ کرکے آپ دوبارہ قرض ہی لے سکیں گے اور اگلا بجٹ آپ کو بتائے گا کہ دفاع اور سود/قرض مزید بڑھ گیا۔
سیاستدان کوئی جادوگر نہیں ہوتے۔
عمران خان کا بھی اقتدار سنبھالتے پہلا مشن وہی تھا جو آج نون لیگ کا ہے یعنی مانگنا اور صرف مانگنا۔
مانگ کر بنی گالہ یا ماڈل ٹاؤن کے محل چل سکتے ہیں ملک نہیں۔
یہاں سب افیون پر لگے ہوئے ہیں۔
حکومت نے لگژری آئٹمز کی امپورٹ پر پابندی لگائی تو میری معیشت پر اس کا برا اثر پڑا لیکن اس سے اگلے دن میں نے ان میں سے دو اشیا کی فیکٹری لگانے کا پروگرام بنا لیا۔
اپنے کمپیٹیٹرز سے فون پر بات کی تو جواب آیا ہم نے جگاڑ ڈھونڈ لی ہے چیزوں کا ایچ ایس کوڈ بدلیں گے اور کسٹم پر پیسے دے کر مال خرید لیں گے کیونکہ انڈسٹری لگانا بہت مشکل کام ہے۔
کوئی ایک بھی پالیسی امپلیمنٹ نہیں ہوسکتی کیونکہ اوپر سے نیچے تک منفی سوچ ہے, ہر بندہ سسٹم کو ڈیسیو کرنا چاہتا ہے۔
ہائی کونٹیکسٹ کلچر میں سسٹم کو بائی پاس کرنا آسان ہوتا ہے۔
ہم ہار تو چکے ہی ہیں لیکن ہار ماننے کو تیار نہیں۔
یو ایس ایس آر کی طرح ہمارے ایٹمی اثاثے بھی ہمارے کسی کام نہیں آئیں گے۔
جو لوگ اپ سے یہ کہتے ہیں کہ عمران کے دور میں اکانومی کتنی آگے گئی ہے ان سے بس تین چار فیکٹس اینڈ فگرز مانگ لیں۔
تجارتی خسارہ
بجٹ خسارہ
سابقہ اور موجودہ ملکی اور غیر ملکی قرض
آپ کو سمجھ آجائے گی۔
باقی آپ اگر اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانا چاہتے پیں تو اس کا آسان حل ہے کہ آپ روپے کی قیمت کو ڈالر کے مقابلے میں تین سو روپے کر دیں تو آپ کی ایکسپورٹ 31 ارب ڈالر سے پچاس ارب ڈالر پر نہ چلی جائے تو سمجھ لیجیے گا کہ سائنس جھوٹی اور عبقری سچا ہے۔
لیکن آپ کی امپورٹ بھی 47 ارب ڈالر سے 80 ارب ڈالر پر ہی چلی جائے گی۔
اور جب آپ اتنی زیادہ ڈی ویلیوایشن کریں گے تو آپ کا ٹیکس ریونیو بھی بارہ ہزار ارب پر چلا جائے گا کیونکہ آپ کے ٹیکس کا باسٹھ فیصد کسٹم ڈیوٹی سے اور اس پورٹ پر وصول شدہ سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس سے آتا ہے, اور جب 300 کے ڈائپر پر سترہ فیصد ٹیکس 51 روپے ہے اور یہ ڈائپر 700کا ہو گا تو سیلز ٹیکس بھی 119 روپے ہوجائے گا, عین اس وقت آپ ناچنا شروع کردیں کہ دیکھو ٹیکس بڑھ گیا ہے تو آپ زیادہ سے زیادہ ایک احمق انسان ہوسکتے ہیں اور کم سے کم غبی۔