پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ کب رکے گا؟
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے صوبہ پنجاب، کے پی، بلوچستان، کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد مرکز کے مطابق دو روز کم و بیش پورے ملک میں ہی بارشیں ہوں گی۔
گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے کئی شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی تاہم بعض علاقوں میں طغیانی سے نقصانات بھی ہوئے.
پنجاب کی صوبائی انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے ناخوشگوار واقعات بھی رونما ہوئے۔ اوکاڑہ میں تھانہ صدر کی حدود میں واقع نواحی گاٶں سکس ون اے ایل میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گر گئی جس سے ایک شخص دیوار کے نیچے دب جانے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
ملک کے متعدد علاقوں میں تیز آندھی اوربارش کے باعث فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی کئی گھنٹے کے لیے بجلی غائب ہوگئی جس کے نتیجے میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبر پختونخواہ کے علاقہ دیر لوئر میں بارشوں سے ندی نالیوں میں طغیانی آگئی اور دریائے پنچکوڑہ میں نچلے سطح کا سیلاب ہے۔ بالائی علاقوں میں اکثر رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں جس سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں سیلابی ریلے آگئے۔
ملک کے بالائی حصےمیں گلگت بلتستان اور اسکردو کے درمیان بارش کے سبب ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے اہم شاہراہیں متعدد مقامات پر بلاک ہوگئیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متعلقہ محکموں کو پیر سے بدھ تک طوفانی بارش کے خطرے سے آگاہ کیا ہے جس سے مزید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ ایڈوائزری کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی حصے میں پیر سے تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ برسات کا سلسلہ شروع ہوگا جو بدھ تک جاری رہے گا۔
اس سلسلے میں تمام صوبائی محکموں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور دیگراداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع دیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسمی حالات پشاور مردان، نوشہرہ، سرگودھا، فیصل آباد، گجرانوالہ اور لاہور میں سیلاب کا باعث بن سکتے ہیں۔