باکو شہر کا سب سے خاص مقام اور گھوڑے کا خشک گوشت
Reading Time: 4 minutesابتدائی معلومات کے مطابق باکو شہر میں سیاحوں کے لیےہوٹل یا اپارٹمنٹ نظامی سٹریٹ کے آس پاس لینا موزوں تھا کہ وہاں سے ہر قابلِ ذکر مقام تک رسائی نہایت آسان ہو جاتی۔ ہم نے ایسا ہی کیا۔
میرے خیال میں ہم نے باکو میں قیام کے پہلے ہی دن وہاں کی سب سے بہترین لوکیشن ایکسپلور کر لی تھی۔ جو کہ نظامی سٹریٹ اور اس سے ملحقہ فاؤنٹین سکوائر ہے۔ اگر آپ باکو میں اور کہیں نہیں بھی جاتے اور صرف یہ علاقہ اور اس کے ملحقہ گلیاں اور پارک گھوم پھر لیتے ہیں تو ٹُوور کا مقصد پورا ہو جاتا ہے۔
نظامی سٹریٹ آذربائیجان کے کلاسیک شاعر نظامی گونجوے کے نام سے منسوب ہے۔ اس علاقے کو آپ باکو کا اندرون شہر یا ڈاؤن ٹاؤن کہہ لیجئے۔ بالکل جیسے لاہور شہر کے اندرون کا علاقہ ہے۔ بدقسمتی سے ہم نے لاہور کے اندرون کو برباد کر کے رکھا ہوا ہے۔ اس کے مقابلے میں باکو میں اندرون شہر کی تاریخی سفید عمارتوں کو پرکشش لائٹنگ، بہترین صفائی اور ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی کے ساتھ اس علاقے کو سیر، سکون، شاپنگ اور کھابے انجوائے کرنے کا مرکزی مقام بنایا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے بھی باکو میں اٹریکشن کا مرکزی مقام یہی علاقہ ہے۔ یہاں ٹریفک کا داخلہ قطعی ممنوع ہے۔
یہاں آپ کو ہر ملک سے آیا باشندہ گھومتا دکھائی دے گا۔
یہاں ہر کوئی اپنا کوالٹی ٹائم انجوائے کر رہا ہوتا ہے، کسی دوسرے کو نوٹس ہی نہیں کیا جاتا۔ ہر برانڈ کی شاپ، فُوڈ چَینز، قحبہ خانے اور حمام یہاں میسر ہیں۔ ملحقہ شاپنگ اور اوپن ایریا فوڈ کورٹ ٹائپ جگہوں کی سیر سے تھک کر آپ شہر کے بالکل مرکزی چوک (فاؤنٹین سکوائر) میں آ جائیں تو وہاں سرسبز درختوں کے بیچوں بیچ ایک تاریخی فوارے کے گرد بیٹھ کر گھنٹوں گزارے جا سکتے ہیں۔ کسی تاریخی شہر کے بیچوں بیچ اتنی ہریالی پہلی بار دیکھی۔
باکو سٹی کے کلچر کے مطابق پارکس کے علاوہ بھی ہر جگہ پر آپکو بینچ ملتے ہیں۔ فاؤنٹین سکوائر میں بھی بینچز کی بہتات ہے۔ نظامی سٹریٹ کے بیچوں بیچ اور اس سے ملحقہ پرانے شہر کی گلیوں میں بھی سستانے کے ساتھ بینچ بنے ہوئے۔ جہاں مختلف لوگ بیٹھے گپ شپ لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔
بہت ہی سکون والی جگہ ہے۔ اپنے قیام کے دوران ہم تقریبا روز شام کو وہاں چلے جاتے اور وہاں ماحول کو انجوائے کرتے تھے۔ کوئی گٹار پر گا رہا، کوئی ناچ رہا، کوئی آرٹسٹ اپنی پینٹنگز نمائش کیلئے پیش کر رہا۔ کوئی آرٹسٹ لائیو مصوری کر رہا، بچے کھیل رہے، والدین فوٹوگرافی کر رہے۔ اتنے رنگ اور مسکراہٹیں ایک ساتھ دیکھ کر انسان کی طبیعت ویسے ہی طبیعت گل و گلزار ہو جاتی ہے۔
انہی گلیوں میں کہیں کوئی بہت جدید سٹرکچر دکھائی دے جاتا ہے تو کہیں کوئی انتہائی تاریخی آرکیٹیکچر۔ کہیں بیحد رونق ہے تو کہیں سکون ہی سکون۔ کوئی سڑک انتہائی کمرشل ہے تو کسی گلی میں مقامی خاندان صدیوں سے رہائش پذیر ہیں۔
اگر آپ نظامی سٹریٹ آ گئے ہیں تو پیدل ہی چلتے پھرتے آپ بہت سی دوسری اہم مقامات پیدل وزٹ کر سکتے ہیں۔ مثلا
– فاؤنٹین سکوائر
– فلیم ٹاورز،
– میوزیم آف ماڈرن آرٹ،
– نظامی میوزیم،
– 800 سال پرانا میڈن ٹاور،
– آذربائیجان کارپٹ میوزیم،
– باکو کرسٹل ہال،
– دنیزکناری ملی پارک،
– ساحلِ سمندر، اور وہاں مِنی کرُوز کی سیر،
– تازا پیر مسجد،
– حیدر علی مسجد،
– وائٹ فاؤنٹین پارک،
– میوزیم آف آرکیالوجی
– میریٹ ہوٹل کے سامنے ونٹر پارک
ہم نے ان میں سے بیشتر جگہوں پر حاضری دی.
میرے دوست شین کے بڑے بھائی نے ایک فرمائش کر رکھی تھی کہ آپ نے میرے لیے باکو سے گھوڑے کا خشک گوشت پاکستان لے کر آنا ہے۔ : اُس اللہ کے بندے نے نجانے کس ویڈیو میں دیکھ لیا تھا کہ باکو میں گھوڑے کے گوشت کو لمبے عرصے تک استعمال کے لیے سُکھا کر محفوظ بنا لیا جاتا اور یہ لذت میں اپنی مثال آپ ہوتا۔ یہ پتا کیے بغیر کہ ہم خشک گوشت ہوائی سفر میں ساتھ لیجا بھی سکتے ہیں یا نہیںِ یقین کریں ہمارا آدھا ٹوور تو اس گھوڑے کے گوشت نے گھوڑے لگا دیا۔ ہر دوسرا شخص جس نے باکو میں ہم سے ہنس کر بات کی، اُسے ہم نے ٹرانسلیشن ایپ پر گھوڑے کے خشک گوشت بارے ضرور پوچھا، اس بات پر سبھی نے اثبات کا اظہار کیا کہ یہ گوشت آذربائیجان میں ہوتا ضرور ہے، لیکن باکو میں ملے گا کہاں سے؟ اس بارے کوئی نہیں جانتا تھا۔ کچھ لوگ لاہوری کانفیڈنس کے ساتھ ہمیں اگلی پچھلی گلیوں میں کسی گوشت کی دکان کا پتا دیتے تھے، جہاں پیدل پہنچ کر ہمیشہ مایوسی ہی ہوتی۔ شاید یہ گوشت کہیں آذربائیجان کے قبائلی علاقوں میں کھایا جاتا ہو، اور وہیں سے ملتا ہو۔ مگر اس گھوڑے کے گوشت کی تلاش کے بہانے ہم نے باکو شہر کی وہ گلیاں، محلے اور مارکیٹس بھی ایکسپلور کر لیے جو ہم نارملی کبھی وزٹ نہ کرتے۔