گرمی کی شدت اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ،بارشیں کب ہوں گی؟
پاکستان کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا ہے۔
ملک میں لوڈشیڈنگ کے باعث شہری دہری اذیت میں مبتلا ہیں ایسے میں موسمیات کے محکمےنے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دوچار روز میں صورت حال میں بہتری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں 30 جون سے خلیج بنگال سے مون سون کی ہوائیں داخل ہوں گی۔ملک کے شمالی حصوں میں تیس جون سے بارشوں کا آغاز ہو جائے گا۔
ملک کے صوبہ سندھ کے علاقوں تھرپارکر،عمر کوٹ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی سے بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں تین سے چار دن اور کچھ علاقوں میں پانچ دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
رواں ہفتے کے دوران جمعرات سے موسم میں بہتری کا امکان ہے۔ آئندہ دور روز تک موسم گرم رہے گا۔ کراچی میں یکم جولائی سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔