اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کا طریقہ کار، ترمیم کے خلاف درخواست مسترد
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کےخلاف درخواست مسترد کردی۔
پیر کوچیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کےخلاف درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم کیا جاتا ہے لیکن دیا نہیں جاتا، قیامت تک سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جائے گا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پارلیمنٹ نے بدنیتی سے سمندرپار پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ دوبارہ صفرپرپہنچادیا ہے۔
وکیل کے بیان پر جسٹس اطہر من اللہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کو بدنیتی نہیں کہا جاسکتا۔
بعد ازاں عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کےخلاف درخواست مسترد کردی۔