اہم خبریں

اصل منزل خود انحصاری، 14 ماہ میں معاشی استحکام کا منصوبہ:شہباز شریف

جون 28, 2022 2 min

اصل منزل خود انحصاری، 14 ماہ میں معاشی استحکام کا منصوبہ:شہباز شریف

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 14 ماہ میں معاشی استحکام لانے کی کوشش کریں گے۔سپر ٹیکس سے جمع ہونے والا پیسہ ضائع یا برباد نہیں ہوگا۔

منگل کو کنونشن سنٹراسلام آباد میں ٹرن آراوٴنڈ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری اصل منزل خود انحصاری ہے، فیصلوں پرمشاورت جمہوری عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صاحب ثروت حضرات نے سپر ٹیکس کو صبر شکر سے قبول کیا ہے، سپر ٹیکس سے جمع ہونے والا پیسہ ضائع نہیں ہوگا اور سرکاری اخراجات پر خرچ نہیں کیا جائے گا، بلکہ یہ 230 ارب روپے ملکی ترقی و خوش حالی کےلیے استعمال ہوں گے، 14 ماہ میں معاشی استحکام لانے کی کوشش کریں گے، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خود انحصاری ہی قوم کی سیاسی، معاشی آزادی کی ضمانت ہے، بنگلہ دیش میں 6 ارب ڈالر کی لاگت سے بڑا انفرا اسٹرکچر بنایا گیا، پاکستان میں وسائل اور ہنرمند لوگوں کی کمی نہیں، ریکوڈک میں اربوں روپے کا خزانہ دفن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 75 سال ہوگئے، بلند و بانگ دعوے کیے لیکن عمل سے دامن خالی ہے، اس حمام میں ہم سب ننگے ہیں، مجھ سمیت ہم سب کی ذمہ داری ہے، لیکن رونے سے بات نہیں بنے گی، ایسے فیصلے کرنے ہوں گے جنہیں مدتوں تک کوئی بدل نہ سکے۔

وزیاعظم نے کہا کہ کوئلہ دنیا بھر میں بہت مہنگا ہوگیا ہے، بجلی پلانٹ چلانے کےلیے کوئلہ درآمد کرنے کا سوچا تو زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہونے کا خدشہ تھا، اب جولائی میں افغانستان سے کوئلہ آنا شروع ہوجائے گا، پاکستانی روپے میں یہ کوئلہ خریدا جائے گا، ایک سال میں 2 ارب ڈالر کی بچت ہوگی، اس کوئلے سے بجلی کے پلانٹس چلائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے، گزشتہ حکومت نے گیس کے سستے اور طویل مدتی معاہدے نہیں کیے، گزشتہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کو التوا کا شکار رکھا، بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ،کیاکیابتاؤں مگر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے