وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب،پی ٹی آئی کا عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
پاکستان کی دو سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی اور ق لیگ نے وزیر اعلی پنجاب کے الیکشن متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے پریزائیڈنگ افسر بنا دیا ہے، ان کا الیکشن سے کیا لینا دینا؟ ہاؤس پورا نہیں ہے، حج کے بعد اجلاس رکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے بیرسٹر علی ظفر کی سربراہی میں قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔
اجلاس میں لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے قانونی پٹیشن کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں قانونی ماہرین نے بریفنگ دی کہ عدالتی فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے 5 ارکان کا نوٹیفکیشن نہیں جاری کیا۔
ہائیکورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں، سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے فیصلہ آنے کے بعد پہلے خوشی منائی اور پھر من مانی تشریح شروع کر دی۔ بعدازاں فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

