وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف پی ٹی آئی سپریم کورٹ میں
پاکستان میں تحریک انصاف نے وزیراعلی پنجاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
فیصلے کے خلاف دائر اپیل میں صوبہ پنجاب، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست میں تحریر موقف تسلیم کیا تاہم مختصر نوٹس پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دینے سے عدالت کا دیا ریلیف متاثر ہوگا۔
اپیل کے مطابق مختصر نوٹس پر اجلاس بلانے سے ریلیف کے بجائے تحریک انصاف کا نقصان ہوگا۔
سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل منظور کی جائے اور ہائیکورٹ کے فیصلے کو تبدیل کر کے اجلاس بلانے کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔
تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ ان کے چند ارکان کو اجلاس میں شریک ہونے کے لیے مناسب وقت دینا ضروری ہے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں جمعے کو چار بجے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے گی۔

