کراچی میں سیلابی پانی سے حالات ابتر، مزید بارش کی پیش گوئی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ دو روز کی موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں اور گھروں میں پانی جمع ہونے کے باعث صورتحال ابتر ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ایک اور تیز بارشیں برسانے والا سسٹم کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
پیر کو چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ نیا تیز بارشیں برسانے والا سسٹم 18 یا 19 جولائی تک چلے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک سٹرانگ سسٹم ایسٹرن انڈیا پر موجود ہے جو راجستھان سے آگے پاکستان میں داخل ہو گا جبکہ موجودہ بارش کا سلسلہ اس سسٹم کے تحت ہے جس کا کچھ حصہ بحیرہ عرب پر ابھی موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ دو تین دن مزید چلے گا۔ شہر قائد سمیت سندھ بھر میں تیز بارشیں برسانے والا سٹرانگ سسٹم 14 جولائی کی شام یا رات سے کراچی میں بارش برسانا شروع کرے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارشوں والا نیا سسٹم 19 جولائی تک کراچی میں بارشیں برسائے گا۔ حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو قبل از وقت انتظامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی انسانی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے کیونکہ نیا اسٹرانگ سسٹم موجودہ ہونے والی بارشوں سے زیادہ بارشیں برسائے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ نیا تیز بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں 60 سے 80 ملی میٹر تک بارشیں برسا سکتا ہے ۔