عمران ریاض کو بیرون ملک جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر روک لیا گیا
Reading Time: < 1 minuteتحریک انصاف سے منسلک ٹی وی اینکر اور یوٹیوب تجزیہ کار عمران ریاض کو امیگریشن حکام نے بیرون ملک جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر روک لیا ہے۔
جمعے کو امیگریشن حکام نے بتایا کہ محمد عمران ریاض ولد محمد ریاض پنجاب پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔
ڈی آئی جی لیگل نے پنجاب پولیس کے سربراہ کی جانب سے امیگریشن حکام کو بتایا تھا کہ مذکورہ شخص کے خلاف ضلع ننکانہ صاحب کے سانگلہ ہل پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر امارات ایئرلائن کی پرواز سے دبئی جاتے ہوئے جب عمران ریاض کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی کلیئرنس کی جا رہی تھی تب سسٹم نے نشاندہی کی کہ نام بیرون ملک جانے سے روکے جانے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔
عمران ریاض کو حال ہی میں لاہور ہائیکورٹ نے دو مقدمات میں ضمانت دی تھی تاہم اُن کے خلاف مختلف اضلاع میں 18 مقدمات درج ہیں۔
تازہ ترین مقدمہ سانگلہ ہل میں عید کے چوتھے دن درج کیا گیا۔