سوشل میڈیا پر کردارکشی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے غیر اخلاقی اور توہین آمیز مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جمعے کو اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمدطاہررائے، قائم مقام چئیرمین نادرا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالدلطیف اور دیگرحکام کی شریک ہوئے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پرشہریوں کی ہراسگی،غیراخلاقی ویڈیوزاپلوڈ کرنے،بلیک میلنگ اوران کی کردارکشی سے متعلق معاملات کاجائزہ لیا گیا۔
سوشل میڈیا کے ذریعےغیراخلاقی مواد کی تشہیر،شہریوں کی ہراسگی اورکردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیا۔
وزیر داخلہ نے سائبر کرائم میں ملوث ایسے افراد کے خلاف سخت اور فوری ایکشن کے لیے ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایات جاری کر دیں۔
اجلاس میں سائبرکرائم بلخصوص ہراسگی اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے اوراس کی تشہیر سے متعلق قوانین کو موثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا
ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنےکے معاملے پر پیکا 2016 میں ضروری ترامیم لانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔
ورکنگ گروپ سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کیلئے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کاجائزہ لے گا۔
ورکنگ گروپ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے سے اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔
شہریوں کی شکایات کیلئے ایف آئی اے نے رابطہ نمبرز بھی جاری کردئیے گئے۔
وفاقی وزیرِداخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پرتوہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرغیراخلاقی اور توہین آمیز مواد کی موجودگی اور اسکی تشہیر سے معاشرے میں انارکی اور بیگاڑکا اندیشہ ہے-ایسے جرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، کاروائی بلا تفریق عمل میں لائی جائیگی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار پامال کرنے والوں کیخلاف متعلقہ ادارے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں۔شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، انکو ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال کردار ادا کریں۔
ڈیُجی ایف آئی اے نے کہا کہ سائبر سپیس میں ہراسگی، کردار کشی، غیراخلاقی مواد اور بلیک میلنگ سے متعلق شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر درج کرواسکتے ہیں۔شہری اپنی شکایات ایف ائی اے پورٹل، شکایت نمبر 111345786 یا ایف آئی آئے کے کسی بھی دفتر میں درج کروا سکتے ہیں۔