بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں،مزید 7 افراد لقمہ آب ہو گئے
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جاری بارشوں سے مزید 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔صوبے میں بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 82 ہوگئی۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو جاری بارشوں کے باعث مزید 7 افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 82 جب کہ زخمیوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں بارشوں سے 2536 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جب کہ 592کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اب تک بارشوں سے سب سے زیادہ مالی نقصان ضلع واشک میں ہوا ہے جہاں 2080 مکانات اور 550کلو میٹر سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 706 مویشی ہلاک، 1800 سولر پینل، 240 بورنگ، ایک لاکھ 97900 ایکڑ فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب ضلع پنجگور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، 100سے زائد کچے مکانات منہدم ہوگئے، سوردو مری آباد میں سیلابی ریلا 4 افراد کو بہا کرلے گیا جن میں سے 2 کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ دو بچیوں کی تلاش جاری ہے۔