عمران خان کا زرداری پر ارکان پنجاب اسمبلی کو خریدنے کا الزام
Reading Time: < 1 minuteپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور میں آج ’سندھ ہاؤس ہارس ٹرینڈنگ‘ کو دہرایا جا رہا ہے اور ممبران اسمبلی کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ تک کی پیشکش کی جاری ہے۔
بدھ کو ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’اس ہارس ٹریڈنگ کے معمار آصف علی زرداری ہیں جن کو کرپشن پر این آر او دیا گیا اور وہ لوٹی ہوئی دولت سے ایم پی ایز کو خرید رہے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا آصف علی زرداری کو جیل بھیج دینا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ نہ صرف ہماری جمہوریت پر حملہ ہے بلکہ ہمارے معاشرے کی اخلاقی اقدار پر بھی حملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ ایکشن لیتا اور ان لوٹوں کو تاحیات نااہل کرتی تو یہ ایک ان کو اس عمل سے باز رکھتا۔ کیا امریکہ کی رجیم چینج سازش کے ہینڈلرز کو احساس ہے کہ قوم کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔‘
قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی کو چالیس چالیس کروڑ روپے دے کر خریدا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ تمام رقم آصف زرداری خرچ کر ہے ہیں جو دراصل سندھ حکومت کا پیسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے بیان کے بعد ایم پی ایز کو خریدنے کا ریٹ مزید بڑھ گیا ہے، چالیس کروڑ تک بولی لگائی جا رہی ہے۔ضمنی انتخابات میں دو سیٹوں پر دوبارہ گنتی کے بعد پی ٹی آئی کی سیٹیں 15 سے 17 ہو جائیں گی اور اسمبلی میں بھی اراکین کی تعداد بڑھ کر 190 ہو جائے گی۔