امریکہ کی سعودی عرب کو تین ارب ڈالر کے میزائل فروخت کرنے کی منظوری
Reading Time: < 1 minuteامریکہ نے سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائل اور اس کے آلات فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ تین ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کی منظوری دی ہے جس کے تحت پیٹریاٹ میزائل اور دیگر متعلقہ آلات فراہم کیے جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کانگریس کو میزائل کی فروخت کے حوالے سے بتایا کہ ’مجوزہ فروخت سعودی عرب کے پیٹریاٹ جم ٹی میزائلوں کے گھٹتے ہوئے ذخیرے کو مستحکم کر کے موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مملکت کی صلاحیت کو بہتر بنائے گی۔‘
محکمہ خارجہ کے مطابق ’یہ میزائل سعودی عرب پر سرحد پار سے حوثیوں کے بغیر پائلٹ ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملوں کے دفاع کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔‘
حوثی ڈرون اور بیلسٹک میزائل فضائی نظام اور سعودی عرب میں شہری مقامات اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہیں۔
پینٹاگون کے مطابق متحدہ عرب امارات کو دفاعی سامان فراہم کرنے کے دو ارب 25 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس میں امریکی دفاعی نظام ’تھاڈ‘ میزائل (ٹرمینل ہائی ایلٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس) اور تھاڈ ٹرمینل فائر کنٹرول اور کمیونیکیشن سٹیشن شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کو دفاعی سامان کی فروخت کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’ایک اہم علاقائی پارٹنر کی سلامتی کو بہتر بنانے میں مدد دے کر اس کی قومی سلامتی کو مستحکم کرے گا۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام اور اقتصادی پیشرفت کے لیے امریکہ کا اہم شراکت دار ہے۔‘