لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کوئٹہ کے کور کمانڈر تعینات
Reading Time: < 1 minuteافواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کردیا گیا ہے۔
بدھ کی رات کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی جگہ کوئٹہ کا کور کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی پیر کے روز بلوچستان میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں جان چلی گئی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اس سے قبل انسپکٹر جنرل کمیونیکیشنز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔
میجر جنرل آصف غفور کو جنوری 2020 میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 40 ڈویژن اوکاڑہ تعینات کیا گیا تھا۔
انہیں 25 نومبر 2020 کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے ہر ترقی دے کر انسپکٹر جنرل کمیونیکیشنز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج بنڈونگ (انڈونیشیا) اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔
انہوں نے سٹریٹجک سٹیڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ آصف غفور کو ان کی خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے بھی نوازا گیا ہے۔
آصف غفور نے 1988 میں پاکستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے کارگل کی جنگ میں بطور میجر حصہ لیا اور قبائلی علاقوں اور سوات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بطور لیفٹیننٹ کرنل خدمات انجام دیں۔