پاکستان

ڈالر کنٹرول کر لیا،کبھی نہیں کہا پٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی:وزیر خزانہ

اگست 16, 2022

ڈالر کنٹرول کر لیا،کبھی نہیں کہا پٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی:وزیر خزانہ

پاکستان کےوزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر کو کنٹرول کر لیا ہے،اگلا مشن مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے۔یہ نہیں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی بلکہ کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس نہیں لگاؤں گا۔

منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کہا کہ پیٹرول کا معاملہ آٹو میٹک ہے، یہ اوگرا سے آتا ہے، ہم نے تو ٹیکس بڑھایا نہ کم کیا، ہم نے یہ وزیراعظم کو بھیجا جسے انہوں نے منظور کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمت اب بھی بھارت سے ۷۵ روپے اور بنگلہ دیش سے ۷۸روپے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے منہ موڑ لیا،گیس کا سرکلر ڈیٹ 1400 ارب روپے تک پہنچا دیا، ایل این جی لوکل گیس کے نرخوں پر بیچ دی گئی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈالر 17 جولائی کے بعد ہمارے کنٹرول سے نکل گیا تھا، ہم نے ڈالر کو 239 روپے پر کنٹرول کرنا شروع کیا لیکن اب ڈالر نیچے آرہا ہے، میں پہلے بھی کہتا تھا کہ درآمد کم ہوگی تو روپیہ مضبوط ہوگا، ہم نے غیرضروری اشیا کی درآمد پر پابندی لگائی ہے، 10 فیصد ایکسپورٹ نہ کرنے والوں پر اضافی ٹیکس لاگو کریں گے، ہمارے پاس اب ڈالر کی آمد زیادہ اور اخراج کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا سستا ترین ایل این جی ٹرمینل لگانے مجھے اور شاہد خاقان کو جیل بھیجا گیا،پونے 4 سال میں 19 ہزار 300 ارب روپے کا قرض چڑھا دیا گیا، گزشتہ حکومت میں 1500 ارب کا سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام شروع ہوچکا ہے اور اسی ماہ آئی ایم ایف بورڈ سے میٹنگ ہوجائے گی جس کے بعد ہمیں پیسے مل جائیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی، میں نے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس نہیں لگاؤں گا، گزشتہ دنوں ڈالر 235 پر تھا تو ہم نے پیٹرول تین روپے سستا کیا تو کسی نے نہیں پوچھا، اب اگلا ہدف مہنگائی کم کرنا ہے جس میں پیٹرول اور ڈیزل نیچے لانا ہدف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ہر فیصلے کا پابند ہوں اور ذمہ داری سے کھڑا ہوں، ہم اب پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ نہیں کرسکتے، آگے بھی مستقبل میں مشکل فیصلے کرتے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کو کنٹرول کر لیا ہے اب اگلا ہدف مہنگائی کنٹرول کرنا ہے جس لے لئے کام کر رہے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے