اہم خبریں

شہباز گل دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اگست 22, 2022 2 min

شہباز گل دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

پیر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے شہباز گل کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کردیا۔

عدالت نے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو سنا دیا گیا ہے۔عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے۲۴اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

قبل ازیں دورانِ سماعت عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے بتایا کہ ایس پی نوشیروان مجھے لے کر آئے اور کہا کہ آپ کی ضمانت ہو گئی ہے، مجھے اسکرین شاٹ دکھایا گیا اور کہا گیا کہ ضمانت ہو گئی، مچلکے جمع کرانے ہیں، مجھے پرائیویٹ گاڑی میں بٹھاکر عدالت لایا گیا، پچھلی رات سے دیکھیں میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے ڈاکٹرز کو دکھایا، ہم تو میڈیکل نہیں بتا سکتے۔

شہباز گل نے کہا کہ کل رات سے میں بھوک ہڑتال پر ہوں، مجھ سے کسی کو نہیں ملنے دیا جا رہا، کل رات 12 بندے میرے کمرے میں آئے، مجھے پکڑا اور زبر دستی کیلا کھلایا اور جوس پلایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رات 3 بجے پھر6 سے 7 لوگ آئے، مجھے کھانا کھلانے کی کوشش کی گئی، مجھے زبردستی باندھ کر 10، 12 بندوں نے شیو کی، میں مونچھیں نہیں رکھتا لیکن مونچھیں چھوڑ دی گئیں، مجھے زبردستی ناشتہ دینے کی کوشش کی گئی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ اس کا یہ مطلب تو نہیں آپ بھوک ہڑتال پر چلے جائیں، یہ اچھی بات ہے کہ آپ کی صحت اچھی ہو گئی ہے۔

دورانِ سماعت جج نے پوچھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ کہاں ہے؟ اس کو دیکھ کرحکم دوں گا۔

جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں فائل آنے تک سماعت ملتوی کردیں، اس پر شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ دو بجے تک انتظار کرلیں، ہائیکورٹ سے کہا گیا دو بجے فیصلہ آئےگا۔

عدالت نے کہا کہ بے شک ملزم کو نہ لے کر آئیں سماعت ڈیڑھ بجے کرتے ہیں۔

عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ آپ ڈیڑھ بجے تک آجائیں اورملزم کو یہاں سے لے جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے