عمران خان اور شہباز گل کے خلاف مزید ایک ایک مقدمہ درج
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شہباز گل کے خلاف مزید ایک ایک مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تھانہ آ بپارہ میں عمران خان کے خلاف مقدمہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیاگیا۔مقدمے میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے 17 رہنماوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری، فیصل جاوید، شیخ رشید ،اسد عمر، راجہ خرم نواز،علی نواز اعوان کا نام بھی شامل ہے۔
ایف آئی آر کے تحت عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی۔ عمران خان کی ایما پر پی ٹی آئی رہنماوں،1 ہزار افراد نے سڑک بلاک کی اور لاوڈ سپیکر استعمال کیا۔
عمران خان کے خلاف مقدمہ اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شہباز گل کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ شب پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے سے پسٹل برآمد ہوا تھا۔ ملزم شہباز گل نے اسلحہ کی ملکیت اپنے ملازم کی بتائی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق شہباز گل کو اپنا ملازم،اسلحہ لائسنس پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا،شہباز گل نہ ملازم کو پیش کرسکا اور نہ ہی اسلحہ لائسنس یا اجازت نامہ،شہباز گل نے لائسنس کے بغیر نائن ایم ایم پسٹل رکھ کر ارتکاب جرم کیا ہے۔

