پاکستان کی بھارت میں شان رسول ﷺ میں گستاخی کی شدید مذمت
پاکستان نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک اور عہدیدار کی طرف سے حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔
بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بیان میں کہا کہ پاکستان بی جے پی رکن راجہ سنگھ کی طرف سے حضور ﷺ کے متعلق انتہائی اشتعال انگیز اور توہین آمیز ریمارکس کی سخت مذمت کرتا ہے،
اس گھناؤنے واقعے پر بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کی خاموشی واضح طور پر بی جے پی کے اندر اور اس سے باہر انتہا پسند ہندووٴں کے لیے مکمل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے بھارت ایک غیر اعلانیہ ’ہندو راشٹرا‘ سے زیادہ کچھ نہیں، جہاں مسلمانوں کو معمول کے مطابق بدنام کیا جاتا ہے، بے دخل اور پسماندہ کیا جاتا ہے اور ان کے مذہبی عقائد کو اکثریتی تسلط کے تحت پامال کیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعہ ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف موجودہ بھارتی حکومت کے جنونی طور پر نفرت انگیز رویے اور بھارت میں اسلامو فوبیا کی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرتا ہے، یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ راجہ سنگھ کو گرفتاری کے چند گھنٹوں کے اندر ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور بی جے پی کے پرجوش لوگوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ عہدیدار کے خلاف بی جے پی کی طرف سے کی گئی علامتی اور غیر موثر تادیبی کارروائی بھارت اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے درد اور غم کو دور نہیں کرسکتی، ان انتہائی تضحیک آمیز ریمارکس سے پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

