پاکستان

شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،جیل منتقل

اگست 24, 2022

شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،جیل منتقل

پاکستان میں اسلام آباد پولیس کی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے مزید ریمانڈ کی استدعا عدالت نے مسترد کر دی۔

عدالت نے شہباز گل کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

بدھ کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر شہباز گل کو سخت سکیورٹی میں ایف ایٹ کچہری پہنچایا گیا۔

سماعت شروع ہوئی تو اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ ہر دن اسلام آباد پولیس ملزم شہباز گل سے تفتیش کر رہی ہے، ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا گیا، ملزم کی حراست بہت ضروری ہے، ان کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے، ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ 48 گھنٹوں کے ریمانڈ میں فونز، 4 یو ایس بیز اور ملزم کے کمرے کی تلاشی لی گئی، ابھی بھی ہمیں کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں، مرکزی موبائل فون جو شہباز گل استعمال کرتا تھا اس کی برآمدگی مقصود ہے۔

جج نے کہا کہ پولی گرافک ٹیسٹ کی پہلے ریمانڈ میں استدعا نہیں کی گئی تھی؟ جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ پچھلے ریمانڈ میں استدعا نہیں تھی، جو ریمانڈ معطل ہوا اس میں تھی، واردات میں استعمال کیا گیا موبائل فون ابھی تک برآمد نہیں کیا جا سکا۔

ڈیوٹی جج نے کہا کہ حکم نامے میں تو کہہ رہے تھے کہ پولی گرافک ٹیسٹ اسلام آباد میں ہوتا ہے، جس پر رضوان عباسی نے کہا کہ وہ شاید کا لفظ ہے، اگر اسلام آباد میں ہوتا ہے تو ادھر سے ہی کروا لیں گے، کچھ پیشرفت ہوئی ہے لیکن اب بھی کچھ تفتیش باقی ہے، ملزم سے کچھ برآمدگی اور ملزمان سے متعلق پوچھ گچھ کرنی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے مزید 7 روز کے ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ زیبا چوہدری اور میں دو دو دن کا ریمانڈ دے کے ہیں اب کیا راستہ ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ جج زیبا چوہدری نے دو دن کا ریمانڈ دیا لیکن دروازہ بند نہیں کیا۔ یہ نہیں کہا گیا کہ پولیس دو دن میں تفتیش مکمل کرے۔

دلائل سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے فیصلہ کر لیا تھا جوبعدازاں سناتے ہوئے مذکورہ حکم جاری کر دیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے