اکتوبر سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو گی: وفاقی وزیر توانائی
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے وزیر تونائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی بلوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کر دیے ییں۔
بدھ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے سے ایک کروڑ 70 لاکھ صارفین کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس مد میں 22 ارب روپے کا ریلیف صارفین کو دیا گیا ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اکتوبر سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو گی اس کا انتظام کیا ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسمنٹ وقت پر نہیں ہوئی جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔
’وقت پر ٹیرف اناؤنس ہو جاتا تو صارفین کو مشکلات نہ ہوتیں۔ ‘
انہوں نے کہا کہ نیپرا کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اس میں بہتری کی گنجائش ہے۔
’وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق صارفین کے ریلیف کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اگست کے مہینے میں جولائی کے جو بل آئے پورے ملک میں اس پر احتجاج ہوا۔ جون میں جو بجلی استعمال ہوئی وہ سرچارج لگ کر آیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جون کا فیول سرچارج اگست کے بلوں میں لگا۔ جون میں گرمی زیادہ تھی اور بجلی کا استعمال زیادہ ہوا اس لیے چارجز زیادہ ہوئے۔
خرم دستگیر خان کے مطابق یہ چارجز ’عذاب عمرانی‘ کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران حکومت نے سستے بجلی گھر یا کوئی اضافی میگاواٹ شامل نہیں کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی میں بھی صارفین کو بجلی کی دستیابی اور افورڈیبلیٹی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ’صارفین کو درپیش اوور بلنگ کے ایشوز کو ختم کرنے ہیں۔ اس حوالے سے کے الیکٹرک انتظامیہ سے بات کرنی ہے اور ان سے تمام ایشوز پر دو دو ہاتھ کرنے ہیں۔‘
توانائی کے وزیر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کراچی کے شہریوں کو تبدیلی نظر آئے گی۔ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کے ساتھ کچھ معاملات بھی طے کرنے ہیں۔
’کسی کو برا نہیں کہنا بلکہ بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے آئندہ چند ہفتوں میں کے الیکٹرک اور وفاقی حکومت کے درمیان مالی معاملات کے حل پر اہم پیشرفت ہوگی۔