ن لیگی رہنما اپنی حکومت کے خلاف کیوں پریس کانفرنس کرنے لگے؟
Reading Time: 2 minutesپاکستان مسلم لیگ ن کے لندن سے واپس آنے والے رہنما عابد شیر علی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔انہوں نےُمفتاح اسماعیل کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے اتحادی جماعتوں کی حکومت جن میں ان کی اپنی جماعت ن لیگ بھی شامل ہے پر کڑی تنقید کی اور عمران خان کے دور میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کا مطالبہ بھی کیا۔
جمعرات کو عابد شیر علی نے پریس کانفرنس کی جس میں ان کے ہمراہ طلال چوہدری سمیت دیگر ن لیگی رہنما بھی موجود تھے۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ عابد شیر علی کی آتش بیانی کا مقصد مفتاح اسماعیل کو عہدے سے ہٹانا اور اسحق ڈار کی پاکستان واپسی کی راہ ہموار کرنا ہو سکتا ہے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بے شک عمران نیازی نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا ہوا ہے لیکن ہمیشہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ملک کو مشکلات سے نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مفتاح اسماعیل کو سنتا ہوں تو بڑا افسوس ہوتا ہے جب وہ عوام سے کہتے ہیں کہ قیمتیں بڑھ گئیں تو کیا ہوا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ میاں نواز شریف نے جب دھماکہ کیا تو وہ بھی مشکل وقت تھا لیکن ہماری حکومت نے کبھی بھی غریب عوام پر بوجھ نہیں ڈالا۔ماضی میں اسحق ڈار نے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کروائی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے گند کی وجہ سے آج لوگ ہمیں بددعائیں دے رہے ہیں۔موجودہ وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ پالیسیاں ترک کر کے عوام دوست پالیسیاں بنائیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کروائیں۔ عمران نیازی کے غلط معاہدے واپس لینے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم غریبوں کے ہمدرد ہیں تو شفقت کا عنصر عوام کو نظر آنا چاہئے۔ چینی آٹا عمران نیازی کے دور میں غریبوں کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے تو اب بجلی کا بل آ گیا ہے۔ قوم کو مجبور نہ کیا جائے کہ ملک کو خانہ جنگی کی جانب دھکیل دیا جائے۔