ملک میں جبری گمشدگی کا سیلاب بھی مزید افراد بہا لے گیا
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں جبری گمشدگی کا سیلاب بھی جاری ہے جس کے سامنے تاحال بندنہیں باندھا جا سکا۔چاروں صوبے اس سیلاب کی بھی زد میں ہیں۔
ملک میں جبری گمشدگی جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ نہیں رک سکا۔سالہا سال سے لاپتہ افراد بھی تاحال لاپتہ ہیں جبکہ آئے روز شہریوں کے غائب ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آتی ہیں۔
بلوچ لاپتہ افراد کی آواز(وی بی ایم پی)کے مطابق انہیں کراچی کے علاقہ اردو بازار سے علم و ادب پبلیکیشنز کے منیجر فہیم بلوچ کی جبری گمشدگی کی شکایت موصول ہوئی ہے،جو باعث تشویش ہے۔
تنظیم نے وزیراعلی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ فہیم بلوچ کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔
علاوہ ازیں ایک روز قبل بلوچستان کے علاقہ مستونگ کی ایک فیملی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے والد پروفیسر صالح محمد اور خاندان کے دیگر افراد کو جبری لاپتہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں حکام سے فوری طور لاپتہ پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سالہا سال جبری گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ورثا اپنی پیاروں کی تلاش اور رہائی کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ہر دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ اگر کسی کا کوئی قصور ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے لیکن کہیں شنوائی نہیں ہو رہی۔