پاکستان

شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے گفتگو کی آڈیو لیک

اگست 29, 2022

شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے گفتگو کی آڈیو لیک

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے خزانہ کے ساتھ کی گئی مبینہ گفتگو کی آڈیو کالز لیک ہوئی ہیں۔

پیر کو پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز نے گفتگو کے آڈیو ٹیپ نشر کیے ہیں جن کو سابق وزیر خزانہ سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

سینیٹر شوکت ترین کی وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں شوکت ترین کو محسن لغاری سے کہتے سنا جاسکتا ہے کہ یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب کی کمٹمنٹ دی ہے آپ سب نے سائن کیا ہے،آپ نے اب کہنا ہے کہ ہم نے جو کمٹمنٹ دی تھی وہ سیلاب سے پہلے دی تھی سیلاب کی وجہ سے ہمیں بہت پیسا خرچ کرنا پڑےگا۔

شوکت ترین نے پنجاب کے وزیرخزانہ سے کہا کہ آپ انہیں لکھ دیں کہ اب ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کرپائیں گے۔یہی لکھنا ہے آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔ پھر ہم اس کو آئی ایم ایف کے نمائندوں کو بھی ریلیز کر دینگے۔

شوکت ترین نے مزید کہا کہ ہم ایسا سین کریں گے کہ یہ نظر نہ آئے کہ ہم ریاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ہم سب چاہتے ہیں کہ ان پردباؤپڑے۔ یہ ہمیں اندر کرا رہے ہیں ہم پردہشتگردی کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔ یہ بالکل سپاٹ فری جا رہے ہیں یہ نہیں ہونے دینا ہے۔

پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری نے شوکت ترین سے سوال کیا کہ کیا اس سے ریاست کو نقصان نہیں ہوگا تو شوکت ترین نے جواب دیا کہ جس طرح چئیرمین اوردیگر کے ساتھ سلوک کیا جا رہا ہے اس ریاست کو نقصان نہیں ہورہا۔

دوسری جانب شوکت ترین نے ٹیلی فونک گفتگو میں تیمور جھگڑا سے سوال کیا کہ آپ نے خط بنا لیا؟ اس پر تیمور جھگڑا نے کہا کہ ابھی بناتا ہوں، میرے پاس پرانا خط ہے، راستے میں ہوں ابھی بناکر آپ کو بھیجتا ہوں۔

شوکت ترین نے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہوگا کہ جو سیلاب آیا ہے اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے بہت پیسا چاہیے، میں نے لغاری کو بھی کہہ دیا ہے۔

شوکت ترین کی بات سن کر تیمور جھگڑا نے کہا کہ ویسے یہ ایک بلیک میلنگ کا حربہ ہے، پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے، میں نے تو پیسے نہیں چھوڑنے، نہیں پتا لغاری نے چھوڑنے ہیں یا نہیں۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آج یہ خط لکھ کر اور جو آئی ایم ایف والی اشٹرس ہے اس کو کاپی بھیج دیں گے تاکہ پتا تو چلے ان سالوں کو کہ یہ ہمارے سے آرم کوشننگ کرکے پیسے رکھوا رہے تھے ہم وہ پیسے لے لیں گے۔

شوکت ترین کی بات پر تیمور جھگڑا نے کہا کہ ٹھیک ہے، میں وہ بناکر اور میں آئی ایم ایف کے نمبر 2 کو جانتا ہوں، میں آئی ایم ایف کا جو نمبر 2 یہاں پر ہے اس سے تو میں ویسے ہی ساری معلومات لیتا رہا ہوں۔

تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ مجھے محسن نے بھی فون کیا تھا اس سے بھی میری بات ہوئی ہے، خان صاحب اور محمودخان نے مجھے کہا ہے ہمیں اکٹھے پریس کانفرنس کرنی چاہیے، اس پر شوکت ترین نے جواب دیا کہ وہ پریس کانفرنس نہیں ہونی، وہ یہ تھا کہ یہ ہم کرلیں گے، اس کے بعد ہم پیر کو سیمینار کریں گے ، اس پر پریس کانفرنس کرنی ہے تو وہ بھی ہم کرسکتے ہیں خط ہم بھیج دیں تو۔

تیمور جھگڑا نے شوکت ترین کو جواب دیا کہ چلیں پہلے خط بھیجتے ہیں، ٹھیک ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے