پاکستان

سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا نام نو فلائی لسٹ سے نکالنے کا حکم

اگست 31, 2022

سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا نام نو فلائی لسٹ سے نکالنے کا حکم

مطیع اللہ جان . اسلام آباد
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان پر ملک چھوڑنے کی پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا تاہم انہیں پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے بلانے پرپیش ہونے کی بھی ہدایت کی ہے.

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان وڑائچ نے بتایا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مالم جبہ کیس میں اعظم خان کو طلب کیا تھا.

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ ای سی ایل کے ہوتے آپ سٹاپ لسٹ میں نام کیسے ڈال سکتے ہیں اور اس کا بھی ایک قانونی طریقہ ہے، عدالت پہلے ہی ایسی لسٹ پر اپنا حکم دے چکی ہے.

اعظم خان کے وکیل قاسم ودود ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکومت غلط بیانی کر رہی ہے اور ان کے موکل کو طیبہ گل والے کیس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے طلب کیا تھا.

چیف جسٹس کے پوچھنے پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سٹاپ لسٹ سپریم کورٹ کے حکم پر ایک عارضی نظام کے طور پر متعارف کرائی گئی تھی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ تو نہیں کہا کہ کسی کا نام غیر قانونی طور پر سٹاپ لسٹ پر ڈال دیا جائے.

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت پارلیمنٹ کا احترام کرے گی مگر بظاہر اعظم خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں اور سٹاپ لسٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں.

چیف جسٹس کے پوچھنے پر اعظم خان کے وکیل نے کہا کہ اعظم خان بیرون ملک چھٹی پر ہیں اور ستمبر میں واپس آئیں گے.

چیف جسٹس نے کہا کہ سٹاپ لسٹ میں اعظم خان کا نام نہیں ڈالا جا سکتا، اگر پارلیمنٹ کی کمیٹی انہیں بلاتی ہے تو انہیں وہاں جانا چاہیے، یہ معاملہ ۷ ستمبر بدھ تک موخر کر دیتے ہیں اور پھر اگر پبلک اکاؤنٹ کمیٹی ان کو باقاعدہ طلب کرتی ہے تو دیکھیں گے۔

اعظم خان کے وکیل نے کہا کہ انہیں مالم جبہ کیس میں نہیں بلکہ طیبہ گل کیس میں طلب کیا گیا ہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان وڑائچ نے سمن پڑھ کر سنائے جن میں مالم جبہ کیس کا براہ راست ذکر نہیں تھا.

چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ نے تصور کیسے کر لیا کہ یہ مالم جبہ کیس تھا، اور کیا کمیٹی کے پاس ایسے معاملات میں وارنٹ گرفتاری کے اختیارات ہیں؟

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت یہ فیصلے دے چکی ہے کہ پبلک اکاؤنٹ صرف آڈیٹر جنرل رپورٹ کی حوالے سے کاروائی کر سکتی ہے اور اگر کمیٹی طیبہ گل کے معاملے میں کاروائی کر رہی ہے تو کیا کمیٹی نے طیبہ گل کیس کے دیگر ملزمان کا نام بھی سٹاپ لسٹ میں ڈالا ہے یا ان کے وارنٹ جاری کیے ہیں؟ آپ صرف ایک شخص کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔

گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی ملک سے باہر سفر کرنے کی درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کیے تھے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری محمد اعظم خان پر ملک چھوڑنے پر پابندی کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ درخواست دائر کی تھی۔

اعظم خان کے وکیل ایڈوکیٹ قاسم ودود نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا تھا، یہ فہرست عدالت کی طرف سے پہلے ہی غیر قانونی قرار کی گئی ہے۔

عدالت کے پوچھا یہ درخواست گذار کون ہیں، جس پر انہیں بتایا گیا کہ درخواست گذار گریڈ بائیس کا سول سرونٹ ہے۔
عدالت نے اپنی حکم میں کہا کہ عدالت کی طرف سے ایسی فہرست کو پہلے ہی غیر قانونی قرار دیے جانے کے باوجود اعظم خان کا نام اس فہرست ڈالا گیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے