اہم خبریں متفرق خبریں

اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے میں نوجوان کی ہلاکت، مانسہرہ میں شٹر ڈاؤن احتجاج

ستمبر 6, 2022 2 min

اسسٹنٹ کمشنر کے چھاپے میں نوجوان کی ہلاکت، مانسہرہ میں شٹر ڈاؤن احتجاج

Reading Time: 2 minutes

نعمان شاہ . صحافی. مانسہرہ
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں خاتون اسسٹنٹ کمشنر کے پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال کے خلاف چھاپے کے دوران تندور پر کام کرنے والے ایک 17 سال کے لڑکے کی ہلاکت ہوئی ہے۔

پیر کو دن دس بجے ہیش آنے والے اس واقعے کے بعد شہر بھر میں تاجروں اور شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کاروبار اور سڑکوں کو بند کیا۔ رات گئے تک احتجاج جاری رہا جس کے بعد پولیس نے راستے کھولنے کے لیے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل چلائے۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟

عینی شاہدین کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر قرۃ العین نے مانسہرہ شہر کے مرکزی بازار میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کے خلاف مہم کے دوران بیدڑہ روڈ پر ایک نان شاپ/ تندور پر چھاپہ مارا جہاں جرمانے سے بچنے کے لیے تندور پر کام کرنے والے لڑکے محمد آصف نے مالک کے کہنے پر پلاسٹک کے بیگ اٹھا کر چھت کی طرف دوڑ لگا دی۔

مبینہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے گن مین کو لڑکے کا پیچھا کرنے کے لیے کہا۔ پولیس وردی میں ملبوس اسلحہ بردار کو دیکھ کر خوفزدہ نوجوان چھت سے چھلانگ لگانے کی کوشش میں بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر بری طرح جھلس گیا اور ہسپتال پہنچائے جانے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار گیا۔

خاتون اسسٹنٹ کمشنر اور اُن کا گن مین موقع سے فرار ہو گئے۔

تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کے اندراج کے لیے دی گئی درخواست پر کارروائی نہیں کی گئی.

مظاہرین میں سے سردار حیدر کمال سلیم، حاجی ہارون، حاجی شاہد، حاجی حنیف، حافظ اعجاز الرحمٰن، مفتی کفایت اللہ اور ان کے بیٹے، گن میں اور دیگر کو رات گئے گرفتار کر لیا گیا جو احتجاجی دھرنے میں شریک تھے۔

پولیس نے مظاہرین پر تشدد بھی کیا۔

منگل کو شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے اور تاجروں نے اسسٹنٹ کمشنر اور اس کے گن مین کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر – ڈی پی او کا مؤقف

ڈپٹی کمشنر نے رپورٹرز کو بتایا کہ خاتون اسسٹنٹ کمشنر سرکاری ڈیوٹی پر تھیں جبکہ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ واقعے کی انکوائری کی جائے گی.

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پلاسٹک کے تھیلے بنانے والے کارخانوں کے خلاف کارروائی کرے نہ کہ ضلعی انتظامیہ اس طرح کے چھاپوں سے مزدوروں کی جان کے پیچھے پڑ جائے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے