پنجاب پولیس کی نااہلی، حوالات میں بند تین بھائی دشمنوں کی فائرنگ سے قتل
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں صوبہ پنجاب کی پولیس کو جعلی مقابلوں اور کرپشن کے باعث بدترین ہولیسنگ میں پہلا نمبر دیا جاتا ہے مگر فیصل آباد میں پیش آنے والے واقعے کے بعد لگتا ہے کہ اب اس کے اہلکاروں نے کسی ایک فریق سے رقم لے کر دوسرے فریق کو ایک جگہ اکٹھے قتل کرانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔
پولیس سٹیشن تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد کی حوالات پر ملزمان کی فائرنگ سے وہاں زیرِحراست تین سگے بھائی قتل جبکہ اُن کے ایک کزن شدید زخمی ہو گئے۔
پنجاب پولیس کے عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کی تاہم لواحقین نے شدید احتجاج کیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس پی انوسٹیگیشن فیصل آباد اور سی آئی اے پولیس کی ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، اور مقتولین پر کھرل برادری کے افراد کے قتل کا الزام تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے بیان کے مطابق سی پی او کامران عادل فوری سینیئر افسران اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین عثمان، ناصر اور اُن کے کزن آصف کو تھانہ سٹی تاندلیانوالہ پولیس نے قتل اور دہشتگردی کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
پنجاب پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ ملزمان کی دیرینہ دشمنی کی وجہ اُن کو محفوظ رکھنے کے لیے سٹی کے بجائے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں بند کیا گیا تھا۔
پولیس اہلکاروں کا مؤقف ہے کہ علی الصبح 05/06 نامعلوم ملزمان تھانہ کی عقبی دیوار کو سیڑھی کے زریعے پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کو دیکھتے ہی ڈیوٹی پر موجود تھانہ کے سنتری نے فائرنگ کی، ملزمان نے سنتری اور حوالات میں موجود ملزمان پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ملزمان کی حوالات پر اندھا دھند فائرنگ کی وجہ سے سکھیرا برادری کے تین افراد ہلاک جبکہ حوالاتی آصف شدید زخمی ہو گئے۔
ملزمان فائرنگ کرتے ہوۓ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔