عالمی خبریں

انڈیا میں 25 سالہ خاتون کی بیٹے کو بچانے کے لیے چیتے سے لڑائی

ستمبر 7, 2022 2 min

انڈیا میں 25 سالہ خاتون کی بیٹے کو بچانے کے لیے چیتے سے لڑائی

Reading Time: 2 minutes

انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں کی 25 سالہ خاتون نے مثالی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 15 ماہ کے بیٹے کو شیر کے جبڑوں سے بچا لیا۔

اتوار کی صبح بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو کے مالا بیٹ کے تحت عمریا ضلع کے روہنیا گاؤں میں پیش آنے والے اس واقعے میں ماں بیٹا فی الحال ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ضلعی حکام نے کہا کہ وہ شیر کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں اور جنگل کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

خاتون، جس کی شناخت ارچنا چودھری کے نام سے ہوئی، نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے رویراج کو رفع حاجت کے لیے ایک کھیت میں لے گئی تھی جب شیر نے اس پر حملہ کیا اور اسے اپنے جبڑوں میں پکڑ لیا۔

جب اس نے اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی تو شیر نے اس پر بھی حملہ کر دیا۔

خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے بچے کو بچانے کی کوششیں کرتی رہی۔

اس نے خطرے کی گھنٹی بھی بجائی اور بعد میں گاؤں کے کچھ لوگ وہاں پہنچ گئے۔ اس کے بعد گاؤں والوں نے چیتے کا پیچھا کیا، جو بچے کو چھوڑ کر جنگل میں بھاگ گیا۔

ارچنا چودھری کے شوہر بھولا پرساد نے بتایا کہ ان کی بیوی کو کمر، ہاتھ اور ران پر چوٹیں آئی ہیں اور ان کے بیٹے کو سر اور کمر پر چوٹ لگی ہے۔

جنگل کے محافظ رام سنگھ مارکو نے بتایا کہ حملے کے بعد، خاتون اور اس کے بیٹے کو فوری طور پر مان پور کے ایک صحت مرکز اور بعد میں عمریہ کے ضلع اسپتال میں علاج کے لیے لے جایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم شیر کا پتا لگانے کی کوشش کر رہی تھی جس نے بچے اور اس کی ماں پر حملہ کیا۔

عمریہ کے کلکٹر سنجیو شریواستو نے ضلع اسپتال میں خاتون اور اس کے بیٹے سے ملاقات کی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کو مزید علاج کے لیے جبل پور کے ایک اسپتال میں بھیج دیا گیا ہے۔

کلکٹر نے یہ بھی کہا کہ وہ جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے دیہاتیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ جنگلات کے افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے