پاکستان

عدالت نے پی ٹی آئی کے مستعفی رُکن قومی اسمبلی کو بحال کر دیا

ستمبر 9, 2022

عدالت نے پی ٹی آئی کے مستعفی رُکن قومی اسمبلی کو بحال کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رُکن قومی اسمبلی شکور شاد کے استعفے کی منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اُن کو پارلیمنٹ میں جا کر بیٹھنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شکور شاد نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لیے گئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ استعفیٰ اسپیکر کو بھیجا، نہ نام لکھا، نہ تاریخ ڈالی، پی ٹی آئی نے بتایا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اظہار یکجہتی اور سیاسی مقاصد کے لیے استعفے پر دستخط کیے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ تصدیق کے لیے کیا ان کو ذاتی حیثیت میں سپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا؟

وکیل نے بتایا کہ ایک نوٹس آیا مگر درخواست گزار پیش نہیں ہوئے تھے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے تصدیق کے لیے پیش ہوئے بغیر استعفیٰ منظور کیا گیا؟

وکیل نے بتایا کہ درخواستگزار قومی اسمبلی کے کمیٹیوں میں بھی جاتا رہا ہے اس کے باوجود سپیکر قومی اسمبلی نے استعفیٰ قبول کیا۔

وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کا شکور شاد کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے سپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے