پاکستان

’اے بی سی نہ سنائیں، ایکس وائے کا اصل نام لیں‘

ستمبر 20, 2022

’اے بی سی نہ سنائیں، ایکس وائے کا اصل نام لیں‘

پاکستان میں حکومتی اتحاد کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارٹی تحریک انصاف کے ارکان کو اگر کسی نے دھمکی آمیز کالز کی ہیں تو عمران خان ان کے نام لیں، ایکس وائی زی کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اے بی سی نہ سنائیں۔

منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک نان ایشو ہیں سب کو انہیں چھوڑ کر دیگر ایشوز پر دھیان دینا چاہیے۔

جب مریم نواز سے عمران خان کے چکوال میں خطاب سننے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ خطاب تو ’عذاب‘ ہوتا ہے اور وہ اس سے گزرنا پسند نہیں کرتیں۔

انہوں نے عمران خان کے ’خوف کے بت توڑ دو، اور غلامی کی زندگی سے آزاد ہو جاؤ۔‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ
’میں پوچھتی ہوں کہ جب آپ کے اندر نام لینے کی ہمت نہیں اور ٹانگیں تھر تھر کانپ رہی ہیں تو پھر قوم کو کیوں للکارنے کا کہہ رہے ہیں۔‘

مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’ ڈرانا، دھمکانا اور اپنا راستہ صاف کرنا ان کا طریقہ کار ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عدالتوں کو بھی اس رویے کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ ملک اور اداروں کے لیے اچھی بات نہیں۔‘

انہوں نے پی ٹی آئی کے 2014 کے دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انہیں جنرل راحیل شریف نے بلایا تو وہ ساتھیوں کو بتائے بغیر چلے گئے۔

’یہ ان کا طریقہ کار ہے کہ پہلے للکارو اور رات کے اندھیرے میں پاؤں پڑ جاؤ۔‘

مریم نواز نے پنجاب کی حکومت کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس کو ایک نہ ایک دن ختم ہونا ہے، جتنی جلدی ختم ہو جائے بہتر ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے